پیوپا نے ملک میں ویزوں کی خریدوفروخت پر پابندی کا فیصلہ کیا ہے

Unas 08:46:00

پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پرموٹرز ایسوسی ایشن ( پیوپا ) کے چیئرمین چوہدری محمد افضل نے کہا ہے کہ پیوپا نے ملک میں ویزوں کی خریدوفروخت پر پابندی کا فیصلہ کیا ہے، عرب ممالک میں ملازمت کے حصول کیلئے جانے والوں کو مفت ویزہ فراہم کیا جائے گا۔ امیدواروں کو صرف حکومتی ٹیکس، پروسیسنگ فیس اور فضائی ٹکٹس کے اخراجات برداشت کرنا ہوگا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ پاکستانی شہریوں کو پروموٹرز کی بلیک میلنگ سے بچانے کیلئے کیا گیا ہے کیونکہ مختلف شہروں میں نوکری کے خواہشمند افراد سے ڈیڑھ سے اڑھائی لاکھ روپے وصول کیے جاتے ہیں۔


ایسوسی ایشن کے فیصلے کی خلاف ورزی کرنے والے پروموٹرز کی رکنیت معطل کر کے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ سعودی عرب نے بھی دنیا بھر کے مقابلے میں نصف فیصد افرادی قوت پاکستان سے لینے کا اعلان کیا ہے، پاکستان میں تعینات سعودی سفیر کی کوششوں سے ویزہ حصول کا عمل شفاف اور آسان ہو چکا ہے۔چودھری افضل نے کہا کہ اورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز سالانہ آٹھ لاکھ سے زائد پاکستانیوں کیلئے بیرون ملک روزگار کے مواقع پیدا کرتے ہیں جس کے بدلے ملک کو سالانہ کھربوں روپے کا زرمبادلہ ملتا ہے،،، اس کے ساتھ ساتھ ملک سے غربت اور بیروزگاری کے خاتمے میں بھی اورسیز اپملائمنٹ پروموٹرز اہم کردار ادا کر رہے ہیں، لیکن حکومت کی عدم توجہی اور غلط پالیسیوں سے یہ شعبہ شدید مسائل سے دوچار ہے۔ 

چوہدری افضل نے کہا کہ ہر پروموٹر5لاکھ روپے تک سالانہ انکم ٹیکس ادا کر رہاہے،اس کے علاوہ حکومت کو سمندر پار پاکستانیوں کی فی کس انشورنس اور ویلفیئر کی مد میں 2,2 ہزار روپے ،ساڑھے تین ہزار سے ساڑھے پانچ ہزار روپے تکNICOPفیس، 500 روپے رجسٹریشن فیس کے ساتھ ساتھ ایئرٹکٹس اور دیگر متعدد طریقوں سے محصولات ادا کر رہے ہیں۔ لیکن اس کے بدلے میں بیرون ملک پاکستانیوں کو کوئی قابل ذکر سہولیات میسر نہیں۔ 

بلکہ ملکی زرمبادلہ میں اضافے اور بے روزگاری کے خاتمے کیلئے نمایاں کردار ادا کرنے والے پروموٹرز کو مختلف طریقوں سے حراساں کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں حکومت اپنارویہ تبدیل کرتے ہوئے، پاسپورٹ ایکٹ اور امیگریشن آرڈیننس میں پوئپا کے ساتھ مل کر ترمیم کرے، وزارت ترقی انسانی وسائل و سمندر پارپاکستانیز کو فعال کیا جائے اور چودھری افضل نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پروموٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد کو ملاقات کا وقت دیں تاکہ اپنے مسائل سے آگاہ کیا جا سکے۔ اگر حکومت نے پروموٹرز کے مطالبات کو سنجیدگی سے نہ لیا تو مجبوراً ملک گیر احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے۔

Share this

Related Posts

Previous
Next Post »

Comment here